ٹیکنالوجی

اب پسینے سے اپنا موبائل اَن لاک کریں

نیویارک: انگلیوں کے نشان اورچہرہ شناسی سے موبائل اَن لاک کرنے کا طریقہ تو اب پرانا ہوگیا کیونکہ جلد ہی آپ اپنے پسینے سے موبائل کا اسکرین لاک کھولیں گے۔
امریکا کی البانے یونیورسٹی کے ماہرین نے اپنی تحقیق میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ انسانی جسم سے نکلنے والا ’پسینہ‘ موبائل اَن لاک کرنے کے لیے استعمال ہوسکتا ہے اور یہ نئی ٹیکنالوجی آئندہ چند برسوں میں متعارف کرادی جائے گی۔ تحقیق کے بعد ماہرین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ انسانی کھال سے نکلنے والے پسینے کے ذرات کا نقش منفرد نوعیت کا ہوتا ہے جواسمارٹ ڈیوائسز بشمول موبائل فونز اور اسمارٹ واچز کو انَ لاک کرنے کے کام آسکتا ہے اور یہ ٹیکنالوجی ڈیوائس کو ہیکروں سے محفوظ رکھنے کا موثر طریقہ بھی ثابت ہوگا۔
تحقیق سے منسلک سائنسدان ڈاکٹر جان ہیلمک کا کہنا ہے کہ وہ اسمارٹ ڈیوائسز کو ہیکرز سے بچانے کا ایک ایسا محفوظ طریقہ تیار کررہے ہیں جو شناخت کی تصدیق کے سابقہ تمام طریقوں سے مکمل طور مختلف ہوگا۔ ڈیوائس کو فول پروف بنانے کے لیے پسینے کا استعمال کیا جائے گا جو شناخت کا قابلِ بھروسہ ذریعہ بنے گا۔

محققین کا کہنا ہے کہ ہر انسان کا پسینہ دوسرے سے مختلف ہوتا ہے جو مختلف کیمیائی مادوں اور ذرات پر مشتمل ہوتا ہے اور یہ مادے ہرانسان میں ایک جیسے نہیں ہوتے لہذا پسینہ شناخت کا مصدقہ طریقہ ہوگا۔
اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے سے قبل ایک پروفائل تیار کی جائے گی جو مخصوص عرصے کے لیے دن اور رات کے اوقات میں ڈیوائس کے مالک کے پسینے کومستقل مانیٹر کرے گی تاکہ ڈیوائس کے حامل شخص کی شناخت محفوظ کرلی جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker