فیشن

اداکارہ میرا کی شادی میں ایک اور رکاوٹ آگئی

لاہور: پاکستانی اسکینڈل کوئین اداکارہ میرا کی شادی میں ایک اور رکاوٹ کھڑی ہوگئی ان کے مبینہ شوہرعتیق الرحمان نے فیملی کورٹ میں میرا کی شادی روکنے کی درخواست دائر کردی۔
اپنی گلابی انگریزی اور بے باک تبصروں کے باعث مقبولیت حاصل کرنے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ میرا کی شادی پاکستان کا قومی مسئلہ بن چکی ہے۔ اداکارہ میرا کی شادی کی سب کو ایسے ہی فکر ہے جیسے بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی شادی کی۔ جب کہ میرا بھی اپنی شادی کو لے کر بے حد پرجوش ہیں اور جلد از جلد شادی کے بندھن میں بندھنا چاہتی ہیں جس کا ثبوت ان کا چند روز قبل لاہور ہائی کورٹ میں دیا گیا بیان تھا جس میں انہوں نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں نے لڑکا ڈھونڈ لیا ہے اور جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھ جاؤں گی‘۔
میرا کی شادی کی خبر سن کر جہاں بہت سے چہروں پر مسکراہٹ پھیل گئی وہیں ان کے شوہرہونے کا دعویٰ کرنے والے عتیق الرحمان نے اپنی مبینہ بیوی اداکارہ میرا کی شادی روکنے کے لیے لاہور کی فیملی عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔
عتیق الرحمان نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ میڈیا میں میرا کی شادی کی باتیں گردش کررہی ہیں۔ میرا میری بیوی ہیں اور میں کسی بھی قیمت پر انہیں چھوڑنا نہیں چاہتا لہٰذا عدالت میرا کو تکذیب نکاح کے کیس کے فیصلے تک شادی سے روکنے کا حکم جاری کرے۔ تاہم فیملی عدالت نے عتیق الرحمان کی میرا کو اگلی شادی سے روکنے کی درخواست خارج کردی۔
واضح رہے کہ اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کے درمیان نکاح سے متعلق کیس گزشتہ کئی برسوں سے لاہور کی فیملی عدالت میں زیر سماعت تھا جس پر 15 نومبر کو عدالت نے 9 سال بعد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تکذیب نکاح کیس میں تمام متفرق درخواستوں کو خارج کرتے ہوئے سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم دیا تھا۔
اس موقعے پر میرا نے عدالت سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ان کی سابقہ اہلیہ سے دوبارہ شادی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان اچھے سیاستدان ہیں انہیں جمائمہ گولڈ اسمتھ سے دوبارہ شادی کرلینی چاہئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker