ورلڈ نیوز

کراچی دنیا کے 60 محفوظ ترین شہروں میں شامل

کراچی: شہر قائد کو دنیا کے 60 محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں شامل کردیا گیا ہے۔ معروف برطانوی مالیاتی گروپ ’’اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ‘‘ نے دنیا کے 60 محفوظ شہروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان کا واحد شہر کراچی شامل ہے جسے سب سے آخری 60 واں نمبر دیا گیا ہے۔ دنیا کا محفوظ ترین شہر جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کو قرار دیا گیا ہے جس کے بعد سنگاپور دوسرے اور جاپان کا ہی ایک اور شہر اوساکا تیسرے نمبر پر ہے۔
فہرست میں سب سے آخر میں کراچی 60 ویں، میانمار کا دارالحکومت ینگون 59 ویں اور بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکا 58 ویں نمبر پر ہے۔ اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے محفوظ ترین شہروں کی فہرست مرتب کرنے کے لیے جرائم کی شرح، حادثات کا تناسب، ڈجیٹل سیکورٹی اور صحت عامہ کی صورت حال جیسے عوامل کا جائزہ لیا۔

درجہ بندی میں سرفہرست ٹوکیو کو 89.8، سنگاپور کو 89.6 اور اوساکا کو 88.87 فیصد نمبر ملے ہیں جب کہ کراچی کو 38.77، ینگون کو 46.47 اور ڈھاکا کو 47.37 فیصد نمبر ملے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ عمومی لحاظ سے دنیا خطرناک ہوتی جارہی ہے کیونکہ 2015 سے دو شہروں میڈرڈ اور سیول کے سوا باقی تمام شہروں کے پوائنٹس کم ہی ہورہے ہیں۔

رپورٹ کے مصنفین نے کہا کہ اگرچہ کراچی کے سب سے آخری نمبر پر رکھنے کی مختلف وجوہات ہیں تاہم سب سے بڑی وجہ سیکورٹی خطرات ہیں کیونکہ وہاں سب سے زیادہ اور خطرناک دہشت گردی کے حملے ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں دہشت گردی سے زیادہ ہلاکتیں ٹریفک حادثات میں ہوتی ہیں۔ دہشت گردی سے سالانہ ہلاکتوں کا تناسب 30 ہزار ہے جب کہ ٹریفک حادثات میں 12 لاکھ افراد ہلاک ہوتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker